پی ایم آئی ایف 2026 کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے اور عالمی سطح پر وسیع شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستانی سفیروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ بریفنگ سیشن کا انعقاد

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 2026) کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے اور عالمی سطح پر وسیع شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اہم غیر ملکی دارالحکومتوں میں تعینات پاکستان کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن کا انعقادکیا۔یہ اجلاس بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ آن لائن منعقد ہوا جس …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 2026) کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے اور عالمی سطح پر وسیع شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اہم غیر ملکی دارالحکومتوں میں تعینات پاکستان کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن کا انعقادکیا۔یہ اجلاس بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ آن لائن منعقد ہوا جس میں پٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران اور اہم سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سفارتی روابط کو قومی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے اور پی ایم آئی ایف 2026 کو پاکستان کے معدنی و کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک نمایاں عالمی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کرنے پر توجہ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے پی ایم آئی ایف 2026 کے وژن، وسعت اور سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ یہ فورم ایک قومی معاشی ترجیح کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سفیروں اور ہائی کمشنرز پر زور دیا کہ وہ میزبان ممالک میں معروف مائننگ کمپنیوں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ فعال روابط قائم کریں تاکہ وسیع اور مؤثر بین الاقوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایم آئی ایف 2026 پاکستان کے معدنی شعبے میں مائننگ سے متعلق آگاہی کے فروغ، معاشی سرگرمیوں کے استحکام اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک کلیدی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

پی ایم آئی ایف 2025 کی کامیابی کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ فورم بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کیا گیا تھا اور اس کے نمایاں نتائج سامنے آئے۔ فورم میں 50 سے زائد ممالک سے 5,000 سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کے ساتھ 14 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط نے پاکستان کے معدنی شعبے پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کی۔ اسی تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے پی ایم آئی ایف 2026 کو ایک سٹریٹجک معاشی اقدام کے طور پر ترتیب دیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان کے معدنی و کان کنی شعبے کو پائیدار ترقی اور طویل المدتی قدر کے حصول کی سمت گامزن کرنا ہے۔

پاکستان کے سفیروں نے پی ایم آئی ایف 2026 میں مضبوط اور متنوع بین الاقوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے وسیع سفارتی نیٹ ورک کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پی ایم آئی ایف 2026 اسلام آباد میں 8 تا 9 اپریل 2026 کو منعقد ہوگا۔ فورم میں سٹریٹجک کانفرنس، ٹیکنیکل کانفرنس اور بین الاقوامی نمائش کے ساتھ ساتھ جیم سٹون نمائش اور ایک جامع ریسورس لائبریری بھی شامل ہوگی جو سرمایہ کاری کے باخبر اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں میں معاون ثابت ہوگی۔