لاہور۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف جامعہ اشرفیہ پہنچے ،جہاں انہوں نے جامعہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر نائب مہتمم جامعہ اشرافیہ لاہوروجانشین مولانا حافظ زبیر حسن،مولانا حافظ اسعد عبید ،مولانا اجود عبید ،مفتی شاہد عبید، مولانا اویس حسن، مولانا حافظ سیف اللہ،مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور دیگر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے بلند درجات کے لئے …
جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی کا کردار وکام ہمیشہ زندہ رہے گا،وفاقی وزیر سردار یوسف

مزید خبریں
لاہور۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف جامعہ اشرفیہ پہنچے ،جہاں انہوں نے جامعہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر نائب مہتمم جامعہ اشرافیہ لاہوروجانشین مولانا حافظ زبیر حسن،مولانا حافظ اسعد عبید ،مولانا اجود عبید ،مفتی شاہد عبید، مولانا اویس حسن، مولانا حافظ سیف اللہ،مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور دیگر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ برصغیر کے نمایاں اداروں میں شامل ہے،مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک بہت بڑی شخصیت تھے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی اس دنیا سے چلے گئے لیکن ان کا کردار اور کام زندہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ان کی عیادت کے لئے آیا تھا جسے اپنے لئے سعادت سمجھتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بحیثیت مذہبی امور وزارت کی جو بھی ذمہ داریاں میری رہی ہیں، اس میں ہمیشہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے ہماری رہنمائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ان سے مدارس کے حوالے سے کوئی بات ہوئی تو انہوں نے ہمیشہ رہنمائی کی۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر اللٰہ کا شکر ادا کرتا ہوںکہ مجھے حضرت سے ملاقاتوں کا شرف رہا اور ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔وفاقی وزیر نے جامعہ اشرفیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ برصغیر کے چند بڑے اداروں میں سے ایک ہے اور اس ادارے سے امت مسلمہ کو فائدہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے اس ادارے اور حضرت سے دلی عقیدت رہی ہے،1990 میں ان کے ساتھ حج کا پہلا سفر کیا اور آج تک وہ سفر مجھے یاد ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ پوری امت مسلمہ کے لئے دین کا کام کررہا اور یہ ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑا خوش قسمت خاندان ہے کہ اللہ تعالی ان سے دین کا کام لے رہا ہے، اللہ ہم سب کو ان کی مشن پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔








