کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ناگزیر ہے، میاں کاشف

لاہور۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کاروباری لاگت کم کرنے اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات اتوارکو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ …

لاہور۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کاروباری لاگت کم کرنے اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات اتوارکو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پائیدار اصلاحاتی عمل کا آغاز بجلی کے شعبے میں بہتر طرزِ حکمرانی اور مالی نظم و ضبط سے ہونا چاہیے، لائن لاسز میں کمی، بجلی چوری کی روک تھام اور سپلائی چین میں بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنا کر مجموعی لاگت میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شفاف ٹیرف اسٹرکچر جو بجلی کی اصل پیداواری لاگت اور مارکیٹ کی حقیقتوں سے ہم آہنگ ہو، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا جبکہ پیداواری شعبوں کو اچانک قیمتوں کے اتار چڑھائو سے بھی تحفظ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے بغیر قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی ممکن نہیں، ترسیلی و تقسیمی نظام کی جدید کاری، اسمارٹ گرڈز میں سرمایہ کاری اور توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ سپلائی کو مستحکم کرنے اور تکنیکی نقصانات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ، کان کنی اور برآمدات سے وابستہ صنعتوں جیسے توانائی سے بھرپور شعبوں کے لیے سستی بجلی سرمایہ کاری کے فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اگر جامع اصلاحات نافذ اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے تو کاروباری لاگت میں کمی، صنعتی پیداوار میں اضافہ اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔