اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے”ہل ہائوس کیپیٹل / ہل ہائوس انویسٹمنٹ“اور”ایس۔169 وارٹن“کے ناموں سے کام کرنے والے غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کی نشاندہی کی ہے۔ یہ پلیٹ فارمز فہرست شدہ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری پر غیر معمولی اور گمراہ کن منافع کے وعدوں کے ذریعے عوام کو راغب کر رہے ہیں۔ منگل کے روز سکیورٹی …
ایس ای سی پی کی عوام کو غیر قانونی آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارمز سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے”ہل ہائوس کیپیٹل / ہل ہائوس انویسٹمنٹ“اور”ایس۔169 وارٹن“کے ناموں سے کام کرنے والے غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کی نشاندہی کی ہے۔ یہ پلیٹ فارمز فہرست شدہ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری پر غیر معمولی اور گمراہ کن منافع کے وعدوں کے ذریعے عوام کو راغب کر رہے ہیں۔
منگل کے روز سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ”ہل ہائوس کیپیٹل / ہل ہائوس انویسٹمنٹ“اور”ایس۔169 وارٹن“کو کسی بھی سرمایہ کاری یا ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے قیام یا آپریشن کے لیے ایس ای سی پی کی جانب سے نہ تو لائسنس دیا گیا ہے اور نہ ہی اجازت حاصل ہے۔
ایس ای سی پی نے ان غیر قانونی پلیٹ فارمز کے خلاف متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کر دیا ہے۔ایس ای سی پی باقاعدگی سے عوام الناس کو خبردار کرتا رہتا ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ پلیٹ فارمز سے ہوشیار رہیں جن کی تشہیر عموماً واٹس ایپ گروپس کے ذریعے کی جاتی ہے۔
یہ پلیٹ فارمز اکثر لائسنس یافتہ بروکرز، معتبر اداروں یا معروف پیشہ ور افراد کے ناموں کا دھوکہ دہی سے غلط استعمال کرتے ہیں۔عوام الناس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور فیوچرز بروکرز کے ساتھ ہی لین دین کریں اور ان سے رابطہ بھی صرف ان کی متعلقہ ویب سائٹس پر فراہم کردہ سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے کریں۔ لائسنس یافتہ بروکرز کی فہرست پاکستان سٹاک ایکسچینج اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔
ایس ای سی پی سرمایہ کاروں پر زور دیتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں، جعلی پلیٹ فارمز سے اجتناب کریں اور کسی بھی مالی لین دین یا ذاتی معلومات فراہم کرنے سے قبل سرمایہ کاری کی کسی بھی سروس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں۔
ایس ای سی پی عوام کو سختی سے متنبہ کرتا ہے کہ وہ ”ہل ہائوس کیپیٹل / ہل ہائوس انویسٹمنٹ“اور”ایس۔169 وارٹن“یا اسی نوعیت کے کسی بھی غیر قانونی پلیٹ فارم کی تشہیر کرنے والے افراد یا گروہوں کے ساتھ کسی بھی صورت یا انتظام کے تحت کوئی رقم جمع نہ کروائیں اور نہ ہی سرمایہ کاری کریں۔








