لاہور۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان کی سب سے بڑی اور جدید ٹیکنالوجی و اختراعی نمائش آئی ٹی سی این ایشیا کا 27واں ایڈیشن 17 سے 19 جنوری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔ نمائش پاکستان کے ڈیجیٹل، اسٹارٹ اپ اور آئی ٹی ایکو سسٹم کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان …
آئی ٹی سی این ایشیا نمائش 17 سے 19 جنوری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان کی سب سے بڑی اور جدید ٹیکنالوجی و اختراعی نمائش آئی ٹی سی این ایشیا کا 27واں ایڈیشن 17 سے 19 جنوری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔ نمائش پاکستان کے ڈیجیٹل، اسٹارٹ اپ اور آئی ٹی ایکو سسٹم کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان بطور پریزنٹنگ پارٹنر شامل ہے۔
یہ ایونٹ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی سرپرستی اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے اسٹریٹجک تعاون سے منعقد ہو رہا ہے، جو پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری، برآمدات اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے حکومتی عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔نمائش میں 800 سے زائد اسٹالز اور 3,500 سے زائد عالمی و مقامی برانڈز کی شرکت کے ساتھ آئی ٹی سی این ایشیا میں 75 ہزار سے زائد شرکا کی آمد متوقع ہے۔
ان میں 18,500 سے زائد فیصلہ ساز افراد، 850 سے زائد حکومتی و صنعتی رہنما جبکہ امریکہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اٹلی، چین سمیت مختلف ممالک سے 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے، جو پاکستان میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔ نمائش کے ذریعے 750 ملین امریکی ڈالر سے زائد کے کاروباری مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جو اسے ایک موثر تجارتی اور سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے طور پر اس کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔
نمائش میں گورنمنٹ ٹیکنالوجی، کلاڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت ، فن ٹیک، انٹرپرائز سلوشنز اور اسٹارٹ اپس جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ ایونٹ نئی مصنوعات کے اجرا، اسٹریٹجک معاہدوں، سرمایہ کاری کے اعلانات اور بزنس نیٹ ورکنگ کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔آئی ٹی سی این ایشیا کے دوران اعلی سطح کی ملٹی ٹریک کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں حکومتی پالیسی ساز، عالمی ماہرین اور صنعت کے رہنما ڈیجیٹل گورننس، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، آئی ٹی برآمدات اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان سیشنز کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی تشکیل دینا ہے۔اس موقع پر عمیر نظام، گروپ ڈائریکٹر، ای کامرس گیٹ وے گروپ نے کہا کہ آئی ٹی سی این ایشیا پاکستان کے لیے ایک اسٹریٹجک موقع ہے جس کے ذریعے ہم عالمی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی لیڈرز اور اسٹارٹ اپس کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہے ہیں۔ ایس آئی ایف سی اور ایس ٹی زیڈ اے کے تعاون سے ہم پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان تعاون کو مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد ٹیکنالوجی حب کے طور پر پیش کیا جا سکے۔








