اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سینیٹ عوامی مفاد میں موثر قانون سازی کے ذریعے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے ان خیالات کا اظہار نومنتخب سینیٹر عابد شیر علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس …
سینیٹ عوامی مفاد میں موثر قانون سازی کے ذریعے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائے گی، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سینیٹ عوامی مفاد میں موثر قانون سازی کے ذریعے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے ان خیالات کا اظہار نومنتخب سینیٹر عابد شیر علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ ایوان بالا کے امور اور قانون سازی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام صدر نے سینیٹر عابد شیر علی کو ایوان بالا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں جن کی سینیٹ میں شمولیت سے نہ صرف ایوان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ قانون سازی کے عمل میں بھی ان کے وسیع تجربے سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے گا۔
اس موقع پر سینیٹر عابد شیر علی نے ایوان بالا کے امور نہایت احسن طریقے سے سرانجام دینے پر سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور ان کےلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ کی بہتری کےلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے گی جس سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا اور عام عوام کے معیار زندگی میں بھی مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔ سینیٹر عابد شیر علی نے قائم مقام صدر کےلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک و قوم کے مفاد میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سینیٹر شیری رحمان بھی ملاقات میں شریک تھیں۔








