قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے کانفرنس کا انعقاد ، شرکا ء کا مشترکہ اور منظم کوششوں کی ضرورت پر زور

راولپنڈی۔18جنوری (اے پی پی):قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے ایک پروقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان “منبر و محراب، تشدد سے پاک معاشرہ، مذہبی ہم آہنگی، فتح معرکہ حق، قومی یکجہتی اور پیغام پاکستان” تھا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کی۔ کانفرنس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک، مختلف اضلاع سے …

راولپنڈی۔18جنوری (اے پی پی):قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے ایک پروقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان “منبر و محراب، تشدد سے پاک معاشرہ، مذہبی ہم آہنگی، فتح معرکہ حق، قومی یکجہتی اور پیغام پاکستان” تھا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کی۔ کانفرنس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک، مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کمشنرز، تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام، مذہبی و سماجی شخصیات اور معززین نے شرکت کی۔

شرکا نے قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی اور تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ اور منظم کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہونے والا عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اور موجودہ حالات میں ملک کو اتحاد، استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی جس کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ و دفاع کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور افواج پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی پوری امت مسلمہ کی کامیابی ہے اور پاکستان کی سلامتی و دفاع کے لیے قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے عظیم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 57 اسلامی ممالک میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو محافظین حرمین شریفین کا اعزاز عطا فرمایا ہے.

جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر عالم اسلام کا اعتماد پاکستان سے محبت اور اعتماد کی واضح دلیل ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے تحفظ و سلامتی کا ضامن ہے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خود کو پاکستان کا سفیر قرار دینا پوری قوم کے لیے باعث فخر و اعزاز ہے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ذریعے دہشت گردی اور بدامنی پھیلا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں جنہیں اتحاد، شعور اور بیداری کے ذریعے ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے میں آئمہ مساجد کے وقار میں اضافے اور مدارس دینیہ کی رجسٹریشن کے اقدامات کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پورا پاکستان متحد ہے اور تاقیامت متحد رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔