قومی کمیشن برائے وقار نسواں کے زیراہتمام اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور یورپی اتحاد کے تعاون سے پہلا صوبائی مشاورتی اجلاس

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں(این سی ایس ڈبلیو) نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور یورپی اتحاد کے تعاون سے حقوق پاکستان 2 منصوبے کے تحت نجی شعبے میں صنفی مساوات کے موضوع پر کراچی میں پہلا صوبائی مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ منگل کو این سی ایس ڈبلیو سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں امہ لیلیٰ اظہر …

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں(این سی ایس ڈبلیو) نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور یورپی اتحاد کے تعاون سے حقوق پاکستان 2 منصوبے کے تحت نجی شعبے میں صنفی مساوات کے موضوع پر کراچی میں پہلا صوبائی مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ منگل کو این سی ایس ڈبلیو سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں امہ لیلیٰ اظہر نے کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے اس امر پر زور دیا کہ محض علامتی اقدامات کے بجائے خواتین کے لیے باوقار، محفوظ اور مساوی کام کے مواقع اور موثر داد رسی کے نظام کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جو ملک کا معاشی مرکز اور نجی روزگار کا بڑا محور ہے، اس مکالمے کے آغاز کے لیے ایک موزوں مقام ہے جہاں خواتین کو رسمی اور غیر رسمی شعبوں میں متعدد عملی مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ملازمت کے دوران امتیاز، ہراسانی اور محنت کشوں کے حقوق سے متعلق قوانین موجود ہیں تاہم کمزور نفاذ، ادارہ جاتی ہم آہنگی کا فقدان اور طاقت کے عدم توازن کے باعث خواتین کو بھرتی، مساوی اجرت، ملازمت کے تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور شکایات کے ازالے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔

مشاورتی اجلاس میں نجی شعبے، مالیاتی اداروں، ٹیکسٹائل و ملبوسات، صنعت، خدماتی شعبے، گھریلو اور غیر رسمی محنت سے وابستہ خواتین، سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور خواتین کے حقوق کے نمائندوں نے شرکت کی۔

گروہی مباحثوں کے دوران شرکا نے عملی تجربات کی روشنی میں سفارشات پیش کیں جن میں کام کی جگہ پر مساوی پالیسیاں، اجرت میں برابری، ہراسانی سے تحفظ، موثر شکایتی نظام اور غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کے مسائل کے حل پر زور دیا گیا۔