قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اہم اجلاس، شہریت ایکٹ میں ترمیم کی منظوری، بلدیاتی ترمیمی بل موخر

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات نے پاکستان سٹیزن شپ (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دیتے ہوئے اسے قومی اسمبلی سے پاس کرنے کی سفارش کر دی ہے جبکہ اسلام آباد بلدیاتی ترمیمی بل پر فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں وزارت داخلہ، قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے اعلیٰ حکام سمیت اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔ …

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات نے پاکستان سٹیزن شپ (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دیتے ہوئے اسے قومی اسمبلی سے پاس کرنے کی سفارش کر دی ہے جبکہ اسلام آباد بلدیاتی ترمیمی بل پر فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں وزارت داخلہ، قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے اعلیٰ حکام سمیت اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 6 فروری 2026 کو اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی امام بارگاہ میں ہونے والے افسوسناک خودکش دھماکے کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے دی اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2025 (سرکاری بل) پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ اس معاملے کو آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا جائے۔

بعدازاں کمیٹی نے دی پاکستان سٹیزن شپ (ترمیمی) بل 2025 (سیکشن 5 میں ترمیم) کا تفصیلی جائزہ لیا اور بحث و تمحیص کے بعد بل کو قومی اسمبلی سے منظور کرنے کی سفارش کی۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی انجم عقیل خان، چوہدری نصیر احمد عباس، چوہدری محمد شہباز بابر، سید رفیع اللہ، سردار نبیل احمد گبول، عبدالقادر پٹیل، خواجہ اظہار الحسن اور رانا انصار نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت داخلہ و انسداد منشیات، وزارت قانون و انصاف، وزارت پارلیمانی امور کے سینئر افسران اور ڈائریکٹر جنرل (پاسپورٹس) بھی موجود تھے۔