اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش ہائوسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت جامع پالیسی اصلاحات اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات یواین ہیبی ٹیٹ ایشیا و پیسفک کی ریجنل ڈائریکٹر کازوکو اشیگاکی سے وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں ملاقات کے دوران کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پائیدار، کم لاگت …
پاکستان کو درپیش ہائوسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت جامع پالیسی اصلاحات اور عملی اقدامات کر رہی ہے،میاں ریاض حسین پیرزادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش ہائوسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت جامع پالیسی اصلاحات اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات یواین ہیبی ٹیٹ ایشیا و پیسفک کی ریجنل ڈائریکٹر کازوکو اشیگاکی سے وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں ملاقات کے دوران کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پائیدار، کم لاگت اور جامع ہائوسنگ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے قومی سطح پر اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ہائوسنگ اور شہری ترقی کے شعبے میں اقوام متحدہ کے ادارے یواین ہیبی ٹیٹ کی مسلسل تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائوسنگ بحران ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی شراکت داری نہایت اہم ہے۔ریاض حسین پیرزادہ نے قومی ہائوسنگ پالیسی 2025 کی تیاری میں یواین ہیبی ٹیٹ کی معاونت اور سیلاب کے بعد بحالی کے اقدامات ، خصوصاً شہری منصوبہ بندی، اراضی اور ہائوسنگ پالیسیوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے تعاون کو قابل قدر قرار دیا ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے ساتھ ساتھ موثر عملدرآمد کے ذریعے ہی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر یواین ہیبی ٹیٹ کی ریجنل ڈائریکٹر کازوکو اشیگاکی نے پائیدار، جامع اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ شہری ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یواین ہیبی ٹیٹ سٹریٹجک پلان 2026–2029 کے تحت ہائوسنگ کو کمیونٹی اور قومی ترقی کی بنیادی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارہ پاکستان میں موسمیاتی لحاظ سے محفوظ اور کم لاگت ہائوسنگ منصوبوں کے فروغ کے لیے تکنیکی اور پالیسی معاونت فراہم کرتا رہے گا۔سیکرٹری وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کیپٹن (ر) محمد محمود نے بتایا کہ قومی ہائوسنگ پالیسی منظوری کے آخری مراحل میں ہے اور حکومت گرین بلڈنگ معیارات اور ترغیبی فریم ورک کے ذریعے ہائوسنگ اور شہری ترقی کی رفتار تیز کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موثر انسینٹیوز پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔کازوکو اشیگاکی نے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے گرین بلڈنگ اقدامات کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یواین ہیبی ٹیٹ گزشتہ ایک دہائی سے تعمیراتی شعبے کے ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے پائیدار تعمیرات کے فروغ پر کام کر رہا ہے۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ اور اقوام متحدہ ہیبی ٹیٹ کے سینئر ایڈوائزر جواد علی خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام پر کازوکو اشیگاکی نے وفاقی وزیر کو مئی 2026ء میں آذربائیجان میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
فریقین نے پاکستان میں پائیدار شہری ترقی اور ہائوسنگ کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








