اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں سکیورٹی اب کسی ایک ادارے یا شعبے کی ذمہ داری نہیں رہی بلکہ یہ ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے، پاکستان نے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کیا ہے جن سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سکیورٹی اور فائر فائٹنگ آلات کا استعمال ناگزیر ہو چکا …
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا ’’سیف سکیور پاکستان ‘‘اور ’’پوگی پاکستان 2026 ‘‘ نمائشوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں سکیورٹی اب کسی ایک ادارے یا شعبے کی ذمہ داری نہیں رہی بلکہ یہ ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے، پاکستان نے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کیا ہے جن سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سکیورٹی اور فائر فائٹنگ آلات کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 ویں بین الاقوامی فائر، سیفٹی، سکیورٹی و پاور، انرجی نمائش’’سیف سکیور پاکستان‘‘ اور 19 ویں بین الاقوامی توانائی صنعت نمائش’’پوگی پاکستان 2026‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جو 10 سے 12 فروری 2026ء تک پاک چین دوستی مرکز اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بطور مہمان خصوصی نمائشوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
سیدال خان ناصر نے کہا کہ اس خطے اور پاکستان کو طویل عرصے سے سکیورٹی کے مسلسل چیلنجز درپیش رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر نے وقت کے ساتھ اپنے طریقہ واردات بھی تبدیل کیے ہیں تاہم یہ خوش آئند امر ہے کہ پاکستان میں جدید سکیورٹی ٹیکنالوجیز اور سسٹمز متعارف کروائے جا رہے ہیں جو جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سکیور پاکستان جیسی نمائشیں نہ صرف سکیورٹی کے شعبے میں بہتری کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ ان کے ذریعے ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کو بھی مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
فائر فائٹنگ، ورک پلیس سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس، سکیورٹی و نگرانی کے جدید نظام اور توانائی کے شعبے میں پائیدار و جدید حل متعارف کروانے میں یہاں شریک کمپنیاں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ نمائش میں جدید نگرانی کے نظام، فائر فائٹنگ آلات، بلٹ پروف سلوشنز، سکیورٹی کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فائر فائٹنگ کے موثر نظام کو نظر انداز کرنا بڑے مالی اور جانی نقصانات کا سبب بن سکتا ہے جبکہ جدید سکیورٹی کیمرے اب محض ریکارڈنگ تک محدود نہیں رہے بلکہ جرائم کی روک تھام کا ایک موثر ذریعہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بلٹ پروف گاڑیوں کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے جو ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہیں۔ سیدال خان ناصر نے نمائش کے انعقاد پر مختلف کمپنیوں اور اداروں کی کوششوں کو سراہا اور سکیورٹی و توانائی کے شعبوں میں جدید اقدامات کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد ایک محفوظ، مضبوط اور مستحکم پاکستان کی تعمیر ہے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نمائش میں لگائے گئے مختلف کمپنیوں کے سٹالز کا دورہ بھی کیا، جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔آخر میں انہوں نے نمائش کے منتظمین، ملکی و غیر ملکی شرکا اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔








