ایوان بالااجلاس، قائمہ کمیٹیوں سے منظور شدہ متعدد بل منظور

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سینیٹ نے منگل کو قائمہ کمیٹیوں کے جائزے کے بعد ماحولیاتی تحفظ، فوجداری قوانین میں اصلاحات، انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم سے متعلق متعدد قانون سازی کے بل منظور کر لئے۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں ایوان نے سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے پیش کردہ بل کی منظوری دی جس کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں فروخت ہونے …

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سینیٹ نے منگل کو قائمہ کمیٹیوں کے جائزے کے بعد ماحولیاتی تحفظ، فوجداری قوانین میں اصلاحات، انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم سے متعلق متعدد قانون سازی کے بل منظور کر لئے۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں ایوان نے سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے پیش کردہ بل کی منظوری دی جس کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں فروخت ہونے والی کتابوں پر پلاسٹک کورز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس قانون سازی کا مقصد پلاسٹک آلودگی میں کمی اور وفاقی دارالحکومت میں ماحول دوست طرز عمل کو فروغ دینا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے متعدد بل پیش کیے جنہیں ایوان نے منظور کر لیا۔ ان میں فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2023 شامل ہے جس کے تحت پاکستان پینل کوڈ 1860 اور ضابطہ فوجداری 1898 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

اس بل کا مقصد فوجداری نظام انصاف سے متعلق قانونی دفعات کو مزید موثر بنانا ہے۔سینیٹ نے انسداد انسانی سمگلنگ (ترمیمی) بل 2024 کی بھی منظوری دی جس کا مقصد انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موجودہ قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانا اور نفاذ کے نظام کو بہتر کرنا ہے۔ایوان نے انسداد الیکٹرانک جرائم (ترمیمی) بل 2024 بھی منظور کر لیا جس کے تحت سائبر کرائم سے متعلق قوانین میں مزید ترامیم کی گئی ہیں تاکہ ڈیجیٹل سکیورٹی اور آن لائن جرائم سے نمٹنے کے اقدامات کو موثر بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ سینیٹ نے پاکستان پینل کوڈ (ترمیمی) بل 2024 بھی منظور کیا جس کا مقصد بدلتے ہوئے سماجی اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر تعزیری قوانین کو اپ ڈیٹ کرنا ہے۔