پاک فضائیہ کی جنوبی زون میں جنگی تیاریوں کا شاندار مظاہرہ،مشق کا مقصد مصنوعی ذہانت پر مبنی نیٹ ورک سینٹرکے تربیتی نظام کے تحت آپریشنل صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور موثر بنانا ہے

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):پاک فضائیہ نے سدرن ایئر کمانڈکے دائرہ اختیار میں فضائی مشق گولڈن ایگل کامیابی کے ساتھ منعقد کی جس میں پاک فضائیہ کی مکمل جنگی صلاحیتوں کو منظم انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اس کی اعلیٰ جنگی تیاری اور عملی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس مشق کا مقصد مصنوعی ذہانت پر مبنی نیٹ ورک سینٹرکے تربیتی نظام کے …

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):پاک فضائیہ نے سدرن ایئر کمانڈکے دائرہ اختیار میں فضائی مشق گولڈن ایگل کامیابی کے ساتھ منعقد کی جس میں پاک فضائیہ کی مکمل جنگی صلاحیتوں کو منظم انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اس کی اعلیٰ جنگی تیاری اور عملی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس مشق کا مقصد مصنوعی ذہانت پر مبنی نیٹ ورک سینٹرکے تربیتی نظام کے تحت پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور جدید، موثر اور مقامی طور پر تیار کردہ سمارٹ ٹیکنالوجیز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا ۔

بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اس مشق کی منصوبہ بندی اور عملی شکل ٹو فورس کنسٹرکٹ کے تحت دی گئی جس میں دوست افواج نے مضبوط انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کے فریم ورک میں رہتے ہوئے جنگی ماحول کی تشکیل کی۔ یہ اہداف حربی صلاحیتوں کے ہم آہنگ استعمال کے ساتھ سائبر، خلااور الیکٹرو میگنیٹک سپیکٹرم آپریشنز کے باہمی امتزاج اور مشترکہ استعمال کے ذریعے حاصل کیے گئے۔مشق کے حربی مرحلے میں فرسٹ شوٹ، فرسٹ کل صلاحیت رکھنے والے سونگ رول لڑاکا طیاروں کا استعمال شامل تھا جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے بی وی آر رینج ایئر ٹو ایئر میزائلز، توسیع شدہ رینج کے ایئر ٹو گرائون اسٹینڈ آف ہتھیاروں اور انتہائی درست نشانہ سازی کی صلاحیتوں سے لیس تھے ۔

ان کارروائیوں کو ایئر ٹو ایئر ریفیولرز اور ایئر بورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹمز جیسے فورس ملٹی پلائرز کی مکمل معاونت حاصل رہی جس کے ذریعے دشمن کے مراکز ثقل کو نہایت درستگی اور موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ’’مینڈ-ان مینڈ ٹیمنگ‘‘ گولڈن ایگل فضائی مشق کی نمایاں خصوصیت رہی جس کا مظاہرہ دور تک مار کرنے والے کلر ڈرونز اور لوئٹرنگ میونیشنز کے باکمال انضمام کے ذریعے کیا گیا جو شدید مقابلے، گنجان اور متاثرہ جنگی ماحول میں سرگرم عمل رہے۔

ان آپریشنز سے جدید جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی تیز رفتار اور پیچیدہ آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کی توثیق ہوئی۔ مشق نے پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن آل ڈومین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد) سے متحد کمانڈ اینڈ کنٹرول کے تحت جدید فضائی جنگی تصورات کی مشق اور توثیق کا موقع فراہم کیا جس کے تحت مکمل سپیکٹرم پر مشتمل جدید حربی فضائی ماحول میں مسابقتی کارروائیاں انجام دی گئیں۔

مشق گولڈن ایگل کی کامیاب تکمیل اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت اعلیٰ درجے کی جنگی تیاری برقرار رکھنے، مقامی جدت طرازی سے استفادہ حاصل کرنے اور موجودہ و مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔