ایس ایس یو اہلکاروں کو چینی زبان کی تربیت دینے کے لئے کے پی پولیس اور نمل کے مابین معاہدہ

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے اہلکاروں کو چینی زبان کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اہم تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈی …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے اہلکاروں کو چینی زبان کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اہم تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈی آئی جی غلام مبشر میکن جبکہ نمل یونیورسٹی پشاور کیمپس کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) طارق علی نے دستخط کیے۔

معاہدے کا بنیادی مقصد ایس ایس یو کے افسران اور اہلکاروں کو چینی زبان کی عملی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ صوبے میں مقیم چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کر سکیں اور سکیورٹی فرائض کی انجام دہی میں مزید بہتری لا سکیں۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ موجودہ دور میں بین الاقوامی تعاون اور غیر ملکی شہریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر جدید لسانی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی کا شمار ملک کی مایہ ناز جامعات میں ہوتا ہے اور اس جیسے بہترین ادارے کے تعاون سے کے پی پولیس کے اہلکاروں کو عالمی معیار کی زبان کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ چینی زبان سیکھنے سے ایس ایس یو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور پاک چین دوستی کے تناظر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈی آئی جی غلام مبشر میکن نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تربیتی پروگرام باقاعدہ نصاب اور ماہر اساتذہ کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا تاکہ اہلکار عملی سطح پر زبان سمجھنے اور بولنے کے قابل ہو سکیں۔ بریگیڈیئر (ر) طارق علی نے کہا کہ نمل یونیورسٹی جدید زبانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک ممتاز ادارہ ہے اور وہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو معیاری اور مؤثر تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران اور نمل یونیورسٹی کے نمائندگان نے شرکت کی اور اس معاہدے کو باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔