اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر ایف۔14،15 میں ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد منصوبہ عملی طور پر تیز رفتار مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے بھاری مشینری اور افرادی قوت کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ ترقیاتی اہداف مقررہ …
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے سیکٹر ایف۔14،15 میں ترقیاتی کام تیز کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر ایف۔14،15 میں ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد منصوبہ عملی طور پر تیز رفتار مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے بھاری مشینری اور افرادی قوت کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ ترقیاتی اہداف مقررہ مدت میں حاصل کیے جا سکیں۔ حکام کے مطابق آئندہ ہفتوں میں گرائونڈ پر کام کی رفتار مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق موجودہ معاہدے کے تحت بنیادی انفراسٹرکچر جن میں سڑکیں، سیوریج نظام اور بجلی کی تنصیبات شامل ہیں ، تین سال کے اندر مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم اگر ضروری ہوا تو معاہدے کی شقوں کے مطابق مدت میں توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کی سائٹ پر باقاعدہ موبلائزیشن کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس سے تکنیکی اور عملی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
توقع ہے کہ رواں مہینے کے اختتام تک ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں قدرتی سطح زمین کے تعین کے لیے مشترکہ سروے کیا جائے گا جس کے بعد بڑے پیمانے پر لیولنگ اور گریڈنگ کا عمل شروع ہوگا۔ یہ مرحلہ جدید شہری ڈھانچے کی بنیاد رکھنے کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔تعمیراتی لاگت میں اضافے کے خدشات سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے اتھارٹی نے بتایا کہ منصوبے کے پی سی-1 میں اسکیلشن فیکٹر پہلے ہی شامل کیا جا چکا ہے تاکہ ممکنہ مارکیٹ اتار چڑھائو سے نمٹا جا سکے۔اقساط کی ادائیگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ تقریباً 55 فیصد الاٹیز تیسری قسط جمع کرا چکے ہیں۔ ڈیڈ لائن میں توسیع یا جرمانے سے متعلق فیصلہ بورڈ کرے گا تاہم اب تک کسی الاٹی پر جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے الاٹیز کے تعاون کو منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے مکمل سہولیات سے آراستہ اور منظم رہائشی سیکٹر فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔مزید معلومات کے لیے الاٹیز سرکاری اوقات کار میں یو اے این نمبر 051-111-134-342 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








