وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے ہم منصب راشد بن عبداللہ الخلیفہ کا ٹیلیفونک رابطہ، اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے ہم منصب راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔بحرینی وزیر داخلہ نے دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین اور متاثرین سے دلی …

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے ہم منصب راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔بحرینی وزیر داخلہ نے دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسجد پر حملہ صرف پاکستان پر نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف حملہ ہے، بحرین ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے یکجہتی کے پیغام پر اپنے بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحرین نے ہمیشہ ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوں۔محسن نقوی نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔