لاہور۔12فروری (اے پی پی):پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر (پیٹاک) میں جمعرات کے روز وزارت صنعت و پیداوار کے زیرِ اہتمام انڈس اے آئی ویک2026 کے سلسلہ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ ادارے میں جدید ترین اے آئی لیبارٹری بھی قائم کر دی گئی۔پیٹاک کی ڈائریکٹر جنرل فریحہ علی رندھاوا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے …
پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر میں انڈس اے آئی ویک 2026 کے تحت مصنوعی ذہانت آگاہی سیمینار، جدید ترین اے آئی لیبارٹری قائم

مزید خبریں
لاہور۔12فروری (اے پی پی):پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر (پیٹاک) میں جمعرات کے روز وزارت صنعت و پیداوار کے زیرِ اہتمام انڈس اے آئی ویک2026 کے سلسلہ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ ادارے میں جدید ترین اے آئی لیبارٹری بھی قائم کر دی گئی۔پیٹاک کی ڈائریکٹر جنرل فریحہ علی رندھاوا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں مستقبل کے تکنیکی ماہرین کیلئے ناگزیر ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹاک میں قائم کی گئی جدید اے آئی لیبارٹری میں مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ اور پائتھن پر مبنی اے آئی ایپلی کیشنز پر اعلی سطحی تربیت فراہم کی جائے گی،جس کا مقصد صنعتی شعبے کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا اور اطلاقی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار پیٹاک کے اس عزم کا عکاس ہے کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو فنی تعلیم اور صنعتی تربیت کے نظام میں ضم کر کے پاکستان کے صنعتی شعبے کو جدید مہارتوں اور تکنیکی جدت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔
نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا صنعتی مسابقت،جدت اور پائیدار ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔فریحہ علی رندھاوا نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق پیٹاک میں سنٹر آف ایکسی لینس برائے مصنوعی ذہانت کے قیام کے اسٹریٹجک اقدام کو بھی اجاگر کیا،جو معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم کی رہنمائی میں جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اے آئی لیبارٹری کی باضابطہ افتتاحی تقریب آئندہ ہفتے متوقع ہے۔سیمینار پیٹاک کالج آف ٹیکنالوجی کے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر (ڈی اے ای) پروگرام کے طلبہ کیلئے منعقد کیا گیا،جس میں کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹریکل اور مکینیکل ٹیکنالوجیز کے طلبہ نے شرکت کی۔
شرکا کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، مشین لرننگ اور ڈیپ لرننگ سے متعارف کرایا گیا جبکہ اسمارٹ مینوفیکچرنگ،صنعتی خودکار نظام،پیشگی دیکھ بھال،معیار کی نگرانی اور پیداواریت میں اضافے کیلئے اے آئی کے عملی استعمال سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر انڈسٹری4.0 کے تحت ابھرتے ہوئے تکنیکی رجحانات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔








