اسلامی تعلیمات سے اخلاقیات کا درس ملتا ہے، دینی تعلیم بقدر ضرورت حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے، ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلامی تعلیمات سے اخلاقیات کا درس ملتا ہے، دینی تعلیم بقدر ضرورت حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے، ہرمسلمان پر اس کی ذمہ داریوں کے مطابق دینی تعلیم کاحصول لازمی ہے، دینی تعلیم انسان كى اخلاقی، معاشرتی اور معاشی ضروریات پورا کرتی ہے، طلبہ اکیڈمی ماریشس کی دینی خدمات قابل ستائش …

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلامی تعلیمات سے اخلاقیات کا درس ملتا ہے، دینی تعلیم بقدر ضرورت حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے، ہرمسلمان پر اس کی ذمہ داریوں کے مطابق دینی تعلیم کاحصول لازمی ہے، دینی تعلیم انسان كى اخلاقی، معاشرتی اور معاشی ضروریات پورا کرتی ہے، طلبہ اکیڈمی ماریشس کی دینی خدمات قابل ستائش ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم نعیمیہ لاہور کے سابق متعلم مولانا پیر امام حسین لاکھیاکی کی زیرنگرانی خدمات دین سر انجام دینے والی طہٰ اکیڈمی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد و دستار بندی کے موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اسلام اخلاقیات کا درس دیتا ہے، ماریشس میں مسلمان کمیونٹی کا ماریشس کی تجارت اور ترقی میں اہم کردار ہے،مسلمان اخلاقیات اور تبلیغ کے ذریعے اپنی تعداد میں اضافہ کر سکتے ہیں، دینی تعلیم بقدر ضرورت حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر فرض ہے، یہ تعلیم انسان کی اخلاقی، معاشرتی اور معاشی ہرقسم کے میدان میں رہنمائی کرتی ہے۔طہٰ اکیڈمی کی تعلیمی کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ جامعہ نعیمیہ کے تعلیمی سفر کا تسلسل ہے،

اس اکیڈمی کا جامعہ نعیمیہ سے الحاق کیا جاتا ہے اور 6 سال کی تعلیم کے بعد دورہ حدیث کرنے کیلئے طہٰ اکیڈمی کے طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر 25 آئمہ کرام کی 2 سالہ تعلیم و تربیت کے بعد کامیاب ہونے پر دستار بندی کی گئی اور اسناد دی گئیں۔تقریب میں مولانا امام حسین،مولانا شمیم خدا دین، مولانا اظہر قادری اور مفتی غلام قادری صدیقی نے بھی خطاب کیا۔