اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت مستحق اور باصلاحیت طلباء کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان بیت المال کے تعلیمی وظائف میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے ،شفاف نظام کے ذریعے مالی معاونت کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات نمل اسلام آباد کے دورے کے …
حکومت پاکستان بیت المال کے تعلیمی وظائف میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے ، سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت مستحق اور باصلاحیت طلباء کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان بیت المال کے تعلیمی وظائف میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے ،شفاف نظام کے ذریعے مالی معاونت کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات نمل اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے وظائف کی ترسیل اور میڈیکل اسسٹنس پروگرام کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے 2004 سے اب تک 75 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کی ہے جبکہ انفرادی مالی معاونت (تعلیم) پروگرام کے تحت 2 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت نے تعلیمی وظائف میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاکہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ اپنی تعلیم کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھ سکیں۔ سید عمران احمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے تحت سالانہ تعلیمی معاونت کی حد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ جولائی 2024 سے جون 2025 کے دوران 8 ہزار 59 طلبہ کو 29 کروڑ روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی گئی جبکہ جولائی 2025 سے فروری 2026 تک 5 ہزار 519 طلبہ کو 20 کروڑ روپے سے زائد جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نمل اسلام آباد میں 2008 سے 2026 تک 6 ہزار 739 طلبہ کو تقریباً 24 کروڑ روپے کی معاونت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ موجودہ تعلیمی سال 2025-26 میں اب تک 171 طلبہ کو تقریباً 90 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری صرف فیس کی ادائیگی تک محدود نہیں بلکہ تعلیم کا تسلسل یقینی بنانا بھی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مستحق طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی وظائف کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں نمل کے ریکٹر میجر جنرل (ر) شاہد محمود نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فروری 2023 میں پاکستان بیت المال اور نمل کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت ہر سال کم از کم 250 طلبہ کو وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں۔
سید عمران احمد شاہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پاکستان بیت المال کے تحت شدید بیماری میں مبتلا زیرِ تعلیم مستحق طلبہ کو میڈیکل اسسٹنس پروگرام کے ذریعے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت فی مریض مالی معاونت کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دی گئی ہے تاکہ نادار طلبہ کو علاج معالجہ میں درپیش مالی مشکلات سے بچایا جا سکے۔








