بی آئی ایس پی تعلیم، صحت اور مستفید خاندانوں کی مجموعی فلاح و بہبود میں بھی کردار ادا کر رہا ہے، ،سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہاہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ایک پائلٹ اقدام نے پاکستان کے سات اضلاع میں نوعمر بچیوں میں غذائی عادات کو بہتر بنانے اور آئرن کی کمی (خون کی کمی) کی روک تھام کے حوالے سے حوصلہ افزا نتائج فراہم کیے ہیں،اس پروگرام کو قومی سطح پر وسعت دینے کی راہ ہموار ہوئی ہے، اس …

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہاہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ایک پائلٹ اقدام نے پاکستان کے سات اضلاع میں نوعمر بچیوں میں غذائی عادات کو بہتر بنانے اور آئرن کی کمی (خون کی کمی) کی روک تھام کے حوالے سے حوصلہ افزا نتائج فراہم کیے ہیں،اس پروگرام کو قومی سطح پر وسعت دینے کی راہ ہموار ہوئی ہے، اس کے نتیجے میں 103,289 نوعمر بچیوں کو سات اضلاع کے 425 اسکولوں میں ہفتہ وار آئرن اور فولک ایسڈ (WIFA) کی گولیاں فراہم کی گئیں، 247,956 بچیوں نے سکولوں میں منعقدہ غذائیت سے متعلق آگاہی سیشنز میں شرکت کی، اس پروگرام کا مقصد صحت مند خوراک کے فروغ اور خون کی کمی سے بچاؤ سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔

"سوپران لرننگ ڈسیمینیشن”کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوپران کا مقصد سماجی تحفظ کے پروگراموں، بالخصوص بی آئی ایس پی کی مشروط نقد امداد کے ذریعے نوعمر بچیوں اور ان کے گھرانوں میں غذائی عادات کو بہتر بنانا اور مربوط اقدامات کے ذریعے آئرن کی کمی سے پیدا ہونے والی خون کی کمی کی روک تھام کرنا ہے۔

یہ تقریب بی آئی ایس پی نے جرمن ترقیاتی تعاون اور گیٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پائلٹ منصوبہ پاکستان کے سات اضلاع میں نافذ کیا گیا، جس سے مستقبل میں توسیع کے لیے اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی ایک سماجی تحفظ کے ادارے کے طور پر محض مالی معاونت تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور مستفید خاندانوں کی مجموعی فلاح و بہبود میں بھی کردار ادا کر رہا ہے، جو قومی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قیادت، عزم اور حوصلے کی علامت تھیں اور ان کا بصیرت افروز اقدام بی آئی ایس پی کی صورت میں خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی ترقی کے ایک انقلابی پلیٹ فارم کی بنیاد بنا۔سینیٹر روبینہ خالد نے جرمن حکومت، گیٹس فاؤنڈیشن اور تمام تکنیکی شراکت داروں کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوپران موجودہ نظامِ ترسیل کو بروئے کار لاتے ہوئے متوازی ڈھانچے قائم کیے بغیر مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا ہے اور اسے ملک بھر میں وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے صحت، غذائیت اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق آگاہی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا، موجودہ کوششوں کو سراہتے ہوئے وسیع تر رسائی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اس آگاہی کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی تجویز بھی دی اور رویوں میں مثبت تبدیلی کے لیے والدین کے کردار کو کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے ایک صحت مند اور مضبوط پاکستان کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ایک طالبہ لاریب رشید نے سوپران پروگرام کے ساتھ اپنے تجربات بیان کیے اور بتایا کہ اس اقدام نے ان کے طرزِ زندگی، صحت سے متعلق شعور اور روزمرہ غذائی عادات پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کے کردار کو سراہتے ہوئے پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سوپران اقدام سماجی تحفظ کو قومی ترجیحات سے ہم آہنگ شراکت داریوں کے ذریعے مضبوط بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کا مظہر ہے۔ بی آئی ایس پی کی قیادت میں نافذ کیے گئے اس پروگرام میں جرمن حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت جی آئی زیڈ کے ذریعے حاصل ہے، جبکہ نیوٹریشن انٹرنیشنل، سی ای آر پی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی تکنیکی مہارت شامل ہے۔

اس اشتراکی حکمت عملی نے سماجی تحفظ کے فریم ورک میں غذائیت سے متعلق حساس اقدامات کو مربوط بنانے میں مدد فراہم کی ہے، تاکہ شواہد، جدت اور خدمات کی فراہمی ہم آہنگ ہو کر نوعمر بچیوں کی غذائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کر سکیں۔سوپران کے ذریعے بی آئی ایس پی نے سات اضلاع میں نوعمر بچیوں کے لیے غذائیت، آگاہی اور بااختیاری کو باہم مربوط کرنے والا ایک جامع ماڈل متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کے تحت ہفتہ وار آئرن اور فولک ایسڈ سپلیمنٹیشن، فورٹیفائیڈ آٹے کے فروغ اور فراہمی تک رسائی، اور کمیونٹی سطح پر غذائیت سے متعلق آگاہی اور رویوں میں مثبت تبدیلی کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

ان اقدامات نے رسائی کے نظام کو مضبوط کیا، غذائیت سے متعلق فہم کو بہتر بنایا اور پالیسی و پروگرام ڈیزائن کے لیے قیمتی شواہد فراہم کیے۔ موجودہ نظام میں سیکھنے، ہم آہنگی اور خدمات کی فراہمی کو مربوط کرتے ہوئے سوپران نے جامع اور غذائیت سے ہم آہنگ سماجی تحفظ کے فروغ میں بی آئی ایس پی کے کلیدی کردار کو مزید مستحکم کیا ہے اور قومی سطح پر پائیدار اثرات کی بنیاد رکھی ہے، جسے ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت حاصل ہے۔

تقریب میں جرمن سفارتخانے کی مس ہیلین پاؤسٹ، جی آئی زیڈ پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر مس ماریہ جوزے پوڈے اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مس زینا سفری نے بھی خطاب کیا اور غذائیت سے متعلق اشتراکی پروگرامنگ پر شراکت داروں اور ڈونرز کے نقطہ نظر پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے شراکت دار اداروں کے نمائندگان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز تقسیم کیں۔