وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ،منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے کام کو ڈبل شفٹ میں کیا جائے۔وزیر داخلہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ، جو …

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے کام کو ڈبل شفٹ میں کیا جائے۔وزیر داخلہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ، جو 2011 سے التوا کا شکار تھا، اب تیزی سے مکمل ہو رہا ہے۔ گزشتہ ایک برس میں غیر معمولی پیشرفت کے بعد فیز ون کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور انشااللہ اگلے دو ماہ میں جیل فنکشنل کر دی جائے گی۔

محسن نقوی نے بیرکس کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید ماڈل جیل کا قیام سکیورٹی کے تناظر میں ناگزیر ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل میں سکیورٹی کے لیے دو حفاظتی دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں، جبکہ جدید مانیٹرنگ کے لیے ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جہاں سے تمام امور کی ڈیجیٹل نگرانی ہو گی۔بعد ازاں وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور انڈر ٹریننگ اے ایس پیز (ASPs) کے لیے بنائے گئے ماڈل روم کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر سے پولیس تربیت کا معیار بلند ہوگا اور افسران کو بہترین رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔دورے کے موقع پر چیف کمشنر محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور بھی موجود تھے۔