سندھ کے نوجوانوں میں 16 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے، فہد شفیق

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تقریباً 16 ہزار لیپ ٹاپ سرکاری جامعات کے طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوآدم میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نعمان آرائیں کیجانب …

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تقریباً 16 ہزار لیپ ٹاپ سرکاری جامعات کے طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوآدم میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نعمان آرائیں کیجانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر "اے پی پی”سے گفتگو میں فہد شفیق نے بتایا کہ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ، اسکالرشپ، انٹرن شپ، سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ اور نوجوانوں کے لیے قرضہ سکیم سمیت تمام سہولیات مکمل شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو سفارش یا ذاتی تعلقات کے ذریعے کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کی تقریبات پہلے کراچی اور قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ میں منعقد ہوئی ہیں اور آئندہ چھ دیگر جامعات میں بھی طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ نوجوان سرکاری پورٹل پر رجسٹریشن کر کے پروگرام کے تمام مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ فہد شفیق نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ملکی معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے کیریئر کے مواقع بڑھا سکیں۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پرائم منسٹر ڈیجیٹل ایپ (PMYP.Gov-PK) ڈاؤن لوڈ کریں اور میرٹ کی بنیاد پر دستیاب پروگراموں میں حصہ لیں تاکہ اپنی تعلیم اور مستقبل کو مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور مواقع کو فروغ دینے کی کاوشوں کا حصہ ہے اور صوبے کے طلبہ کی تعلیمی ترقی اور معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔