ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام تربت میں "جنوبی بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع” کے موضوع پر سیمینار

کوئٹہ۔ 13 فروری (اے پی پی):ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام تربت میں"جنوبی بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع" کے موضوع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد جنوبی بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی کمی کے غلط تاثر کو دور کرنا اور مختلف اقسام کے کاروباری رجحان کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں مقامی سیاسی قیادت، عمائدین، سول انتظامیہ، سکیورٹی …

کوئٹہ۔ 13 فروری (اے پی پی):ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام تربت میں”جنوبی بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد جنوبی بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی کمی کے غلط تاثر کو دور کرنا اور مختلف اقسام کے کاروباری رجحان کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں مقامی سیاسی قیادت، عمائدین، سول انتظامیہ، سکیورٹی اداروں کے نمائندگان، اساتذہ، ڈاکٹرز، دانشوروں، میڈیا نمائندگان اور تربت کے تمام کالجز اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کے پینل میں صوبائی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، سیکرٹری سپورٹس اینڈ امور نوجوانان درا بلوچ، معروف کاروباری شخصیت حاجی برکت بلیدی، فاؤنڈر جھونم انٹرپرائز مصطفیٰ احمدزئی، فاؤنڈر نیبل فوڈز ثاقب وحید اور کوفاؤنڈر دزگوار اسٹور ماریہ معظم شامل تھے۔پینل ممبران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی بلوچستان میں کاروبار کے مواقع موجود ہیں، ضرورت موثر رہنمائی، ہنرمندی اور خوداعتمادی کو فروغ دینے کی ہے۔ انہوں نےنوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہنر سیکھیں اور کاروباری سوچ اپنائیں۔اس سلسلے میں روایتی اور ڈیجیٹل شعبوں میں میسر مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

جنوبی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پینل ممبران کی جدوجہد اور کامیابیاں نوجوانوں کے اعتماد میں نمایاں اضافے کا باعث بنیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم اور ہنر کے حصول پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی بلوچستان میں روزگار اور ترقی کے مواقع موجود ہیں،نوجوانوں کو مشکلات سے گھبرانے کے بجائے محنت، مستقل مزاجی اور لگن کو اپنا شعار بنا کر کامیابی کی منازل طے کرنا ہوں گی۔سیمینار کے اختتامی سیشن میں سوال و جواب کے دوران نوجوانوں کی بھرپور اور پُراعتماد شرکت کو سراہا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی بلوچستان کے عوام کے لیے مختلف موضوعات پر مشاورت اور مکالمےکے سلسلے میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی جانب سے منعقد کیا جانے والا یہ تیسرا اہم سیمینار تھا۔