پشاور۔ 13 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مضبوط قیادت اور قومی یکجہتی سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، نوجوانوں خصوصاً طالبات کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ جمعہ کو شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت …
مضبوط قیادت اور قومی یکجہتی سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
پشاور۔ 13 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مضبوط قیادت اور قومی یکجہتی سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، نوجوانوں خصوصاً طالبات کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ جمعہ کو شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے طالبات کے ٹیلنٹ، محنت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہماری بیٹیوں اور بہنوں کو بروقت مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس جامعہ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہونا خواتین کی قیادت، جمہوری جدوجہد اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ انسانیت کی خدمت اور پاکستانیت کے جذبے کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی شفافیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے اور اس میں کسی سفارش کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم پہلی بار شہباز شریف نے 2011 میں شروع کی۔
بعد ازاں نواز شریف نے اسے پورے ملک تک توسیع دی۔ بعد کے عرصے میں یہ سکیم بند رہی، تاہم موجودہ دور میں وزیراعظم شہباز شریف نے اسے دوبارہ شروع کیا ہے تاکہ طلبہ کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبوں کے درمیان تعلیمی اور ترقیاتی میدان میں مثبت مقابلے کا جذبہ پیدا ہونا چاہیے۔ انہوں نے بطور مثال مریم نواز کی جانب سے پنجاب میں کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں کو بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سہولیات، لیپ ٹاپس اور سکالرشپس جیسے شعبوں میں مقابلہ ہونا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔
وفاقی وزیر نے قومی سلامتی اور قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کے بروقت فیصلوں نے ملک میں اعتماد کی فضا کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط قیادت اور قومی یکجہتی سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر ابھر رہا ہے اور مؤثر قومی موقف کے باعث پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ترقیاتی ضروریات کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ طالبات کے لیے مجوزہ ہاسٹل اور دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لیے 60 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پی سی ون کی منظوری اور فنڈز کے اجرا کےلیے وہ ذاتی طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے تاکہ طالبات اور اساتذہ کو درپیش مسائل جلد حل ہو سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں، خصوصاً طالبات کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور بہتر سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان، پائلٹ، استاد اور قائد بن کر پاکستان کی خدمت کر سکیں۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے، انہیں مبارکباد دی اور محنت، میرٹ اور قومی خدمت کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت طالبات کے تعلیمی سفر میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
قبل ازیں شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی آمد پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے اعلیٰ حکام اور اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں، تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں، طالبات کی تعلیمی کامیابیوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے جامعہ کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے طالبات کی تعلیم و تربیت کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معیاری تعلیم قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے جامعہ کی بہتری اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پشاور کے صدر راشد محمود خان، رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور، رکن صوبائی اسمبلی افشا حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔








