کامسٹیک کا تھرپارکر کی خواتین کیلئے زچگی کی نگہداشت اور زچہ و بچہ صحت کے لئے جدید تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان

او آئی سی کامسٹیک نے یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے اشتراک سے تھرپارکر کی خواتین کے لئے جدید زچگی نگہداشت تربیتی پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد سندھ کے پسماندہ علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو مؤثر بنانا ہے۔

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):او آئی سی کامسٹیک نے یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے اشتراک سے تھرپارکر کی خواتین کے لئے جدید زچگی نگہداشت تربیتی پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد سندھ کے پسماندہ علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو مؤثر بنانا ہے۔ یہ خصوصی تربیتی پروگرام تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے ترتیب دیا گیا ہے خصوصاً تحصیل چھاچھرو اور ڈاہلی سے تعلق رکھنے والی سند یافتہ مامائیں اور وہ امیدوار جنہوں نے مامائی کورسز کے آخری امتحانات دیئے ہیں۔ یہ پروگرام انڈس میڈیکل کالج ہسپتال ٹنڈو محمد خان میں اپریل کے وسط سے مئی 2026 کے اختتام تک جاری رہے گا۔ یہ مکمل طور پر فنڈڈ پروگرام ہے جس میں فیس، رہائش اور کھانے کے اخراجات شامل ہیں جو پسماندہ علاقوں میں طبی استعداد بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔ تربیت کے بنیادی مقاصد میں محفوظ زچگی کے طریقۂ کار میں مہارت پیدا کرنا، ہنگامی زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کو مضبوط بنانا، کمیونٹی سطح پر ماں اور بچے کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنا، اور غذائیت و ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہے۔ یہ اقدام تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں منعقدہ دو روزہ طبی کیمپ کے بعد اٹھایا گیا جہاں ماہر مامائی عملے کی شدید ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ تھرپارکر جیسے پسماندہ علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کو بہتر بنانا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حالیہ طبی کیمپ کے دوران مقامی سطح پر حاصل ہونے والے تجربات کا عملی نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی کامسٹیک آئندہ بھی قومی اداروں کے ساتھ مل کر پاکستان اور دیگر رکن ممالک کے محروم علاقوں میں اس نوعیت کے مؤثر اور دیرپا اقدامات جاری رکھے گا۔