صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران ایران کے سینئر رہنما ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا اسرائیلی حملے میں ڈاکٹر علی لاریجانی کے قتل پر رنج و غم کا اظہار، ایران کی حکومت وعوام سے تعزیت

مزید خبریں
اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران ایران کے سینئر رہنما ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔ بدھ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے نومبر 2025 میں ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی کے سرکاری دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان-ایران تعلقات میں مثبت پیش رفت کو مضبوط بنانے میں ڈاکٹر لاریجانی کے کردار کو بھی سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ جاری کشیدگی کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ رہا ہے جس سے خطے بھر میں سنگین معاشی اثرات اور عدم استحکام پیدا ہورہا ہے۔ صدرِ مملکت نے تحمل اور کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ بات چیت اور سفارتکاری کو ترجیح دیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ صورتحال جلد مستحکم ہوگی اور مزید جانی نقصان اور خطے میں کشیدگی کے پھیلاؤ سے قبل امن بحال ہوجائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور وہ خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے بات چیت اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔








