اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، خالد مگسی نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کی قراردادِ لاہور برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جو ہمیں بانیانِ وطن کی جدوجہد اور ان کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ان عظیم اکابرین کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کریں اور پاکستان کو ایک …
یومِ پاکستان بانیانِ وطن کے وژن اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، خالد مگسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، خالد مگسی نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کی قراردادِ لاہور برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جو ہمیں بانیانِ وطن کی جدوجہد اور ان کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ان عظیم اکابرین کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کریں اور پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانے کے عزم کو دہرائیں جو انصاف، مساوات اور سب کے لیے یکساں مواقع پر مبنی ہو۔اپنے پیغام میں خالد مگسی نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے حوالے سے سائنسی ایجادات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سائنسی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی ملکی استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں خود کفالت حاصل کیے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کا خواب ادھورا ہے، اور یہی شعبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی حقیقی ضمانت ہے۔وفاقی وزیر نے ملک کے نوجوانوں کو قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو جدید سائنسی علوم اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مستحکم پاکستان کے لیے ہمیں اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی اور "اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے سنہری اصولوں کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ خالد مگسی نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ملک میں سائنسی کلچر کے فروغ کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتی رہے گی۔








