وفاقی وزیر پٹرولیم سے عمان کے سفیر کی ملاقات، توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر پٹرولیم سے عمان کے سفیر کی ملاقات، توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سلطنت عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروسی نے ملاقات کی جس میں خطے میں توانائی کی بدلتی صورتحال اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی ہیں۔

انہوں نے دوطرفہ توانائی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سفیر کو پاکستان کی جانب سے توانائی درآمدات میں تنوع لانے اور رسد کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا، خصوصاً بدلتی علاقائی صورتحال کے پیش نظر آبنائے ہرمز سے باہر متبادل راستوں اور ذرائع کی تلاش پر زور دیا۔ عمان کے سفیر نے پاکستان کی جانب سے تنوع کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ عمان پاکستان کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر توانائی کارگوز فراہم کرنے کی درخواست پر غور کرے گا۔ سفیر نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ مارچ کے مہینے کے دوران عمان کی بندرگاہوں سے تین پٹرول اور ایک ڈیزل کارگو درآمد کیا جا چکا ہے جبکہ مارچ میں مزید دو پٹرول کارگوز عمان کی بندرگاہوں سے درآمد کیے جائیں گے۔ ملاقات میں اپ سٹریم سیکٹر میں تعاون کے فروغ کے مواقع بشمول تلاش اور پیداوار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تیل و گیس کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان ٹریڈنگ انٹرنیشنل (او کیو ٹی) کے درمیان پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی تیل کارگوز کے امکانات پر تعمیری بات چیت جاری ہے۔فریقین نے توانائی کے شعبے میں پاکستان اور عمان کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی فائدے کے لیے سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔