پاکستان آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی فرانسیسی سفیرسے گفتگو

پاکستان آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی فرانسیسی سفیرسے گفتگو

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت اپنے اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے، پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے کلی معیشت کا استحکام برقرار رکھنے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں فرانس کے سفیرنکولس گالے سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ خصوصاً اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کے شعبوں میں پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات کو نہایت اہمیت دے رہاہے۔ انہوں نے سفیر کو حکومت کی جاری اقتصادی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود بڑی محنت سے حاصل کیے گئے کلی معیشت کے استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششیں شامل ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اقتصادی کامیابیوں کے تحفظ، اہم سپلائی چینز کے تسلسل کو یقینی بنانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت پالیسی اقدامات کی تیاری کر رہی ہے۔ ملاقات میں پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ روابط پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت اپنے اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے، اس حوالہ سے پاکستان کی مسلسل پیش رفت پرتسلی بخش ہے، فنڈ کے ساتھ جاری مذاکرات تعمیری نوعیت کے ہیں اور مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

فرانس کے سفیر نے حکومت کی جانب سے اقتصادی استحکام اور اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی ثابت قدمی کی تائید کی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے فرانس کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات میں بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال اور اس کے عالمی توانائی منڈیوں اور اقتصادی حالات پر ممکنہ اثرات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ توانائی کی فراہمی اور قیمتوں سے متعلق ممکنہ خطرات کا موثر انتظام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مناسب پالیسی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔