وفاقی وزیر مذہبی امور سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات، حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفاقی وزیر مذہبی امور سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات، حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں ہونے والی ملاقات میں حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان بھی موجود تھے۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان حجاج کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور حکومت حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے حج و عمرہ انتظامات میں مزید بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ حج کے شعبے میں اپنے تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے، جبکہ باہمی تعاون کے ذریعے حجاج کرام کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے بھی پاکستان کے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔