کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی مختلف ممالک میں امدادی مہم جاری

شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مختلف ممالک میں امدادی مہم کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں اشیائے خورونوش کی تقسیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔

ریاض۔29مارچ (اے پی پی):شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مختلف ممالک میں امدادی مہم کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں اشیائے خورونوش کی تقسیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی ٹیموں نے یمن کی کمشنری شبوہ میں کھجور کے 500 کارٹن تقسیم کیے جن سے 3000 افراد مستفیض ہوئے۔امدادی مہم کے تحت جمہوریہ سوڈان کی ریاست خرطوم کے علاقے کرری میں آٹے کی 2800 بوریاں تقسیم کی گئیں جن سے مستفیض ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار سے زائد تھی۔

طبی امدادی مہم کے پروگرام برائے مصنوعی اعضا اور بحالی کے مرکز نے گزشتہ ماہ کے دوران یمن کی کمشنری مارب میں مختلف نوعیت کی طبی خدمات مہیا کیں جن سے 612 افراد مستفیض ہوئے ۔یمن کی کمشنری حجہ میں موبائل میڈیکل کیمپ سے 856 مریضوں نے رجوع کیا جن میں 121 ایمرجنسی کیسز تھے جبکہ 82 مریض انٹرنل میڈیسن کے شعبے میں آئے ۔آنے والے 4 مریضوں کو سرجری کے لیے تجویز کیا گیا ، 402 مریضوں نے نرسنگ سروسز کی خدمات حاصل کیں جبکہ 851 افراد کو ادویات بھی دی گئیں۔