ناسا کا آرٹیمس II مشن کامیابی سے مکمل، خلا بازوں کی بحفاظت واپسی

امریکی خلائی ادارے ناسا کا آرٹیمس II مشن کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس کے بعد چار خلاباز 10 روزہ چاند کے گرد سفر کے بعد بحفاظت زمین پر واپس آ گئے۔

لا س اینجلس ۔11اپریل (اے پی پی):امریکی خلائی ادارے ناسا کا آرٹیمس II مشن کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس کے بعد چار خلاباز 10 روزہ چاند کے گرد سفر کے بعد بحفاظت زمین پر واپس آ گئے۔شنہوا کے مطابق اورائن خلائی کیپسول جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 7 منٹ پر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ساحل سے تقریباً 96 کلومیٹر دور بحرالکاہل میں اترا۔یہ 1972 میں اپالو 17 مشن کے بعد پہلا انسانی چاند مشن ہے۔ واپسی پر مشن کے کمانڈر ریڈ وائز مین نے بتایا کہ تمام خلانورد خیریت سے ہیں۔

دیگر عملے میں ناسا کے خلانورد وکٹر گلوور اور کرسٹینا کوچ جبکہ کینیڈین اسپیس ایجنسی کے جیریمی ہینسن شامل تھے۔ناسا کے مطابق مشن کے دوران عملے نے مجموعی طور پر 11 لاکھ 20 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا اور زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک جانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔خلائی کیپسول نے زمین کے ماحول میں داخل ہوتے وقت ایک جدید اور ترمیم شدہ راستہ اختیار کیا، جس کا مقصد حرارت کے دباؤ کو کم کرنا تھا۔ یہ تبدیلی 2022 میں آرٹیمس I کے غیر انسانی تجرباتی مشن کے دوران سامنے آنے والے مسائل کے بعد کی گئی تھی۔

خلانوردوں کی بحفاظت واپسی کے لیے امریکی بحریہ کا جہاز یو ایس ایس جان پی مرٹھا موقع پر موجود تھا، جس نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ناسا حکام کا کہنا ہے کہ آرٹیمس II مشن مستقبل میں چاند پر انسانی لینڈنگ کی راہ ہموار کرے گا، جس کے تحت 2028 تک چاند پر دوبارہ انسان بھیجنے اور طویل المدتی بنیاد پر وہاں بیس قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔