مصر کا امریکا۔ایران جنگ بندی کو علاقائی امن کے لیے بنیاد بنانے پر زور

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو خطے میں وسیع تر امن و استحکام کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس پر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

قاہرہ۔11اپریل (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو خطے میں وسیع تر امن و استحکام کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس پر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

شنہو ا کے مطابق مصری ایوانِ صدر کے مطابق صدر السیسی نے یہ بات اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان باقی ماندہ تنازعات کے حل کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہایت ضروری ہے۔

صدر السیسی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مصر کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے عرب ممالک کی سلامتی و خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا وسائل کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کی۔دوسری جانب اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے بلا رکاوٹ کھولنے کی اہمیت پر زور دیا اور خلیجی ممالک کی سیکیورٹی برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر معاہدے کی ضرورت اور جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے لیے اقدامات پر بھی زور دیا۔انہوں نے ان اہداف کے حصول کے لیے مصر کے ساتھ تعاون اور رابطہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔