پاک چین صحت کے شعبہ میں تعاون کا نیا سنگ میل عبور

پاک چین صحت کے شعبہ میں تعاون کا نیا سنگ میل عبور

بیجنگ ۔11اپریل (اے پی پی):چین کے شہر ووہان میں منعقدہ 11 ویں ایسٹ لیک انٹرنیشنل سیریبرو ویسکولر سرجری فورم میں چین۔پاکستان نیورو سرجری جوائنٹ ٹریننگ اینڈ میڈیکل ٹورازم سینٹر کے افتتاح کے ساتھ ہی چین پاکستان ہیلتھ کیئر تعاون میں ایک اہم سنگ میل طے پایا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق ووہان یونیورسٹی ژونگن ہسپتال، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی تعاون کا مقصد نیورو سرجیکل صلاحیت استحکام ، طبی تعلیم اور دونوں ممالک کے درمیان طبی سیاحت کا فروغ ہے۔

باہمی تعاون کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں پروفیسر چن جیانگ کاؤ، پروفیسر آصف بشیر اور ڈاکٹر محمد شہباز سمیت سرکردہ ماہرین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ہوبے کی صوبائی حکومت اور چین میں پاکستان کے سفارت خانے کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اس کو ’’تاریخی سنگ میل‘‘ قرار دیا جو علم کے تبادلے، مشترکہ تحقیق اور خصوصی تربیت کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال کو آگے مزید بہتر بنائے گا۔

اس اقدام سے بیلٹ اینڈ روڈ فریم ورک کے تحت وسیع تر تعاون کی حمایت اور چین پاکستان ہیلتھ کوریڈور کی ترقی میں تعاون کی بھی توقع ہے۔ تقریب کا خاص لمحہ ژونگن ہسپتال، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تھا جو کلینیکل ٹریننگ، تعلیمی تبادلے، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال میں باضابطہ تعاون کو فروغ دے گا۔ ایم او یو کے تحت قائم کیا گیا مرکز دوطرفہ صحت کی دیکھ بھال کے تعاون، جدت کو فروغ دینے، صلاحیت کی تعمیر اور دونوں ممالک کے لیے صحت کے بہتر نتائج کے لیے ایک فلیگ شپ ماڈل کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں