حسن ابدال ،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے بین الاقوامی معیار کے اقدامات کر رہی ہے،وفاقی وزیر مزہبی امور

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

حسن ابدال۔ 14 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز حسن ابدال میں سکھ مت کے مذہبی تہوار بیساکھی کی مرکزی تقریبات کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر نے گردوارہ پنجہ صاحب میں "رسم بھوگ” کی ادائیگی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں مذہبی رواداری، امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستان سے اچھا تاثر لے کر جائیں۔سردار محمد یوسف نے ایک اہم تزویراتی منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں ایسے 40 سے زائد گردواروں کی نشاندہی کی گئی ہے جو غیر آباد تھے، اب حکومت ان تمام گردواروں کو بحال کر کے عبادت کے لیے کھولنے جا رہی ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ذکر کیا کہ راولپنڈی اور جہلم کے تاریخی گردواروں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ سکھ برادری اپنے ان قدیم مقدس مقامات کی زیارت کر سکے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ننکانہ صاحب میں کثیر المنزلہ اور جدید رہائشی بلاکس تعمیر کیے جائیں گے، جہاں یاتریوں کو قیام کے دوران عالمی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی۔ اسی طرح حسن ابدال میں بھی گردوارہ پنجہ صاحب کے ارد گرد کے علاقے کو مزید بہتر بنانے اور یاتریوں کے لیے سہولیات میں اضافے کے لیے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت سکھ یاتریوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے اور انہیں کرتارپور جانے کی مکمل اجازت دی جائے تاکہ وہ بلا روک ٹوک اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن اور مذہبی آزادی کا حامی رہا ہے۔وفاقی وزیر نے دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں کو بیساکھی کی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ان کی سیکورٹی اور آرام و آسائش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔