سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لیسکو کے زیرِ اہتمام ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن برکی لاہور میں 11 کے وی پڈھانہ۔II فیڈر کا افتتاح کر دیا۔یہ منصوبہ 3کروڑ روپے کی لاگت سے محض تین ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن برکی لاہور میں 11 کے وی پڈھانہ۔2 فیڈر کا افتتاح کر دیا
لاہور۔21اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لیسکو کے زیرِ اہتمام ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن برکی لاہور میں 11 کے وی پڈھانہ۔II فیڈر کا افتتاح کر دیا۔یہ منصوبہ 3کروڑ روپے کی لاگت سے محض تین ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے منصوبے کی کم مدت میں تکمیل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی انفراسٹرکچر کی مضبوطی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف عوام کو فوری ریلیف فراہم کرتے ہیں بلکہ طویل المدتی ترقی اور عوامی اعتماد کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا سلسلہ اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 11 کے وی پڈھانہ فیڈر 132 کے وی غازی گرڈ سٹیشن سے منسلک تھا اور تقریباً 400 ایمپیئر لوڈ پر چل رہا تھا جس کے باعث نظام پر دباؤ، وولٹیج ڈراپ اور لائن لاسز جیسے مسائل پیدا ہو رہے تھے۔
ان مسائل کے حل کے لیے ایریا پلاننگ کے تحت نیا 11 کے وی پڈھانہ۔II فیڈر قائم کیا گیا اور اسے 132 کے وی ایکس ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں علاقے میں بجلی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، وولٹیج ڈراپ اور ٹرپنگ جیسے مسائل میں واضح کمی واقع ہوگی جبکہ اہلِ علاقہ کو بہتر اور بلا تعطل بجلی کی سہولیات میسر آئیں گی۔









