سری لنکا کے حکام نے دارالحکومت کولمبو کے ایئرپورٹ پر 22 بدھ راہبوں کو تھائی لینڈ سے واپسی پر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 110 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔
سری لنکا میں 110 کلوگرام چرس سمگل کرنے والے 22 بدھ راہب گرفتار
کولمبو۔27اپریل (اے پی پی):سری لنکا کے حکام نے دارالحکومت کولمبو کے ایئرپورٹ پر 22 بدھ راہبوں کو تھائی لینڈ سے واپسی پر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 110 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ العربیہ اردو کے مطابق سری لنکن کسٹمزکے ترجمان نے بتایا ہے کہ گرفتار گروپ کے ارکان، جو تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں چار روزہ چھٹیاں گزارنے کے بعد سری لنکا واپس آ رہے تھے، نے اپنے سامان میں ’’کوش‘‘ نام کی اعلیٰ قسم کی چرس چھپا رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے ہر ایک نے اپنے بیگ کے اندر جیبوں میں تقریباً پانچ کلوگرام منشیات چھپا رکھی تھی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ راہبوں کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ زیادہ تر راہب سری لنکا کے مختلف مندروں کے نوجوان طالب علم ہیں اور ایک تاجر نے ان کی چھٹیوں کے اخراجات برداشت کیے تھے۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے اس مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ’’کوش‘‘ منشیات کی یہ اب تک کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔ گزشتہ سال اسی ایئرپورٹ پر 21 سالہ برطانوی خاتون کو 46 کلوگرام منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ برطانوی خاتون بھی بنکاک سے کولمبو کا سفر کر رہی تھی۔









