چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز کی ملاقات

"چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون، اقتصادی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

راولپنڈی ۔27جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا دارومدار اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ وفد کے پیشہ ورانہ تجربے اور بصیرت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں جانب سے دوطرفہ اقتصادی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی وفد نے پرتپاک میزبانی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا