عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کے لیے حج پرمٹ کی پابندی ضروری ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ
عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کے لیے حج پرمٹ کی پابندی ضروری ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ

مزید خبریں
ریاض۔27اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کہا ہے کہ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے حج پرمٹ کی پابندی ضروری ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارتِ حج نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ ضوابط پر عمل درآمد کرنے سے عازمین کو آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے جبکہ حج سیزن کے دوران منظم موومنٹ اور استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے۔ وزارت نے کہا کہ پرمٹ کا مقصد ازدحام کو منظم کرتے ہوئے عازمین کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت نے حج قوانین و ضوابط پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف سخت سزائوں کا باعث بنتی ہیں بلکہ عازمین کی سلامتی اور خدمات کی موثر فراہمی کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔ وزارت نے سوشل میڈیا پرغیر قانونی طور پر حج خدمات فراہم کرنے کے دعوئوں اور گمراہ کن اشتہارات سے بھی خبردار کیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ مختلف ممالک کے حج مشنز اور اداروں سے مل کر آگاہی بڑھانے اور عازمین کو آمد سے قبل رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعاون کیا جا رہا ہے تاکہ آغاز سے ہی حج کو منظم کیا جا سکے۔ وزارت نے عازمین پر زور دیا کہ سفر حج سے پہلے اپنے اجازت ناموں کی تصدیق کرلیں، مقامی قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں کیونکہ’’لا حج بلا تصریح‘‘ (پرمٹ کے بغیر حج نہیں) کی پالیسی ایک محفوظ اور روحانی تجربے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔








