جاپان کے شمال مشرقی صوبے ایواتی میں جنگلات میں آگ مسلسل چھٹے روز بھی بھڑک رہی ہے،
شمالی جاپان میں آگ کے شعلوں نے تباہی مچا دی ، 1500 خاندانوں کا انخلا
ٹوکیو۔28اپریل (اے پی پی):جاپان کے شمال مشرقی صوبے ایواتی میں جنگلات میں آگ مسلسل چھٹے روز بھی بھڑک رہی ہے،جس کے باعث 1500 سے زائد خاندانوں کو انخلا کے احکامات جاری کئے گئےہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ صبح تک اس آگ نے قصبہ اوتسوچی کے گردونواح میں 1618 ہیکٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل خشک سالی اور تیز ہواؤں کے باعث آگ کے شعلے تیزی سے پھیلے جو تباہی کا باعث بنے ہیں ۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فائر سروس اور فوج کے ہنگامی دستوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1200 اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اب تک 1500 سے زائد خاندانوں کو انخلا کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ آگ کے باعث اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم 2 افراد کے معمولی زخمی ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں اس علاقے میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔









