کینیڈین وزیراعظم کا ملکی معیشت مضبوط بنانے کے لیے پہلا قومی خودمختار ویلتھ فنڈ قائم کرنے کا اعلان

کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے ملکی معیشت مضبوط بنانے اور اس میں تبدیلی لانے کے لیے پہلا قومی خودمختار ویلتھ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اوٹاوا۔28اپریل (اے پی پی):کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے ملکی معیشت مضبوط بنانے اور اس میں تبدیلی لانے کے لیے پہلا قومی خودمختار ویلتھ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ شنہوا کے مطابق وزیراعظم کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت مضبوط بنانے اور اس میں تبدیلی لانے کے لیے پہلا قومی خودمختار ویلتھ فنڈ قائم کیا جائے گا جس کا نام ’’ کینیڈا سٹرانگ فنڈ‘‘ رکھا گیا ہے، اس میں وفاقی حکومت ابتدائی طور پر 25 ارب کینیڈین ڈالر (تقریباً 18 ارب امریکی ڈالر)فراہم کرے گی۔ یہ فنڈ نجی شعبے کے ساتھ مل کر ان منصوبوں اور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرے گا جو کینیڈا کی معیشت میں تبدیلی کا باعث بنیں، ان منصوبوں میں صاف اور روایتی توانائی، اہم معدنیات، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبے شامل ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فنڈ سے حاصل ہونے والی آمدنی دوبارہ سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جائے گی تاکہ وقت کے ساتھ فنڈ کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے، اس کے علاوہ حکومت ایک ریٹیل سرمایہ کاری پراڈکٹ بھی متعارف کرائے گی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے پیشِ نظر کینیڈین وزیرِاعظم نے معیشت کو متنوع بنانے پر زور دیا تھا۔ انہوں نے ایک حکمتِ عملی پیش کی جس میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، کینیڈا کے اندر بین الصوبائی تجارتی قوانین کو ہم آہنگ کرنا اور بیرونی دباؤ کم کرنے کے لیے صاف توانائی کی صلاحیت کو دوگنا کرنا شامل ہے۔