نیوٹیک کے تحت آئی بی ایم اور میٹا کے تعاون سے مفت بین الاقوامی آئی ٹی تربیتی پروگرام کا آغاز

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں آئی بی ایم اور میٹا کے تعاون سے ’’بلینڈڈ انٹرنیشنل آئی ٹی ٹریننگ 2026‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید اور عالمی معیار کی مفت آئی ٹی تربیت اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں آئی بی ایم اور میٹا کے تعاون سے ’’بلینڈڈ انٹرنیشنل آئی ٹی ٹریننگ 2026‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید اور عالمی معیار کی مفت آئی ٹی تربیت اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی۔پروگرام کے تحت موبائل ایپ ڈویلپمنٹ (آئی او ایس اور اینڈرائیڈ)، ڈیٹا اینالیسز ود پائتھن، فرنٹ اینڈ اور بیک اینڈ ویب ڈویلپمنٹ جبکہ جاوا سکرپٹ فل سٹیک ڈویلپمنٹ سمیت مختلف جدید کورسز کرائے جائیں گے۔

نیوٹیک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو عصر حاضر کی مطلوبہ ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں مقامی و عالمی مارکیٹ میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ تربیت عملی نوعیت کی ہوگی جس میں شرکاکو جدید ٹیکنالوجیز پر ہینڈز آن تجربہ بھی دیا جائے گا۔ پروگرام کے لئے کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی، سافٹ ویئر انجینئرنگ، ڈیٹا سائنس، انجینئرنگ، ریاضی، طبیعیات، شماریات اور معاشیات کے گریجویٹس یا آخری سال کے طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے جبکہ آئی ٹی میں تین سالہ ڈپلومہ رکھنے والے امیدوار بھی اپلائی کر سکیں گے۔

امیدواروں کی عمر 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ تربیتی مراکز اسلام آباد/راولپنڈی، چکوال، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں قائم کئے جائیں گے۔ نیوٹیک حکام نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی مفت تربیت فراہم کرنا حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا اہم حصہ ہے جس سے ملک میں آئی ٹی شعبے کی ترقی اور ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ ہوگا۔