وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی زیرصدارت اجلاس، سماجی تحفظ کے نظام کو جدیدخطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارت اور ماتحت اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی زیرصدارت اجلاس، سماجی تحفظ کے نظام کو جدیدخطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارت اور ماتحت اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے سماجی تحفظ کے نظام کو جدید اور موثر خطوط پر استوار کرنے کے لیے وزارت اور اس کے ماتحت اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ نوید احمد شیخ، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عامر علی احمد سمیت ٹرسٹ فار وولنٹری آرگنائزیشنز ، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ ، پاکستان بیت المال اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو مختلف اداروں کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں، اہم پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے، شفافیت کے فروغ اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مستحکم کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے تاکہ فلاحی پروگراموں کے ثمرات زیادہ موثر انداز میں مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی تعاون کے ذریعے عوام دوست پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔









