وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا الراجحی کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ، عازمینِ حج کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور مشاعر مقدّسہ میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا الراجحی کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ، عازمینِ حج کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور مشاعر مقدّسہ میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ

خرم شہزاد

مکہ مکرمہ۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے حج 2026ء کی آپریشنل تیاریوں کے سلسلے میں مکہ مکرمہ میں طوافہ کمپنی ” الراجحی ” کے ہیڈ آفس اور جامع مسجد الراجحی کا تفصیلی دورہ کیا ، مسجد نبویؐ ، مسجدا لحرام کے بعد یہ سب سے بڑی مسجد ہے جہاں 30 ہزار نمازی ایک وقت میں نماز ادا کرسکتے ہیں ۔

الراجحی کمپنی کے ساتھ وزارتِ مذہبی امور کا امسال سرکاری اسکیم کے تقریباً 95 ہزار عازمینِ حج کے جملہ انتظامات کو سنبھالنے کا باقاعدہ معاہدہ ہے۔ہیڈ آفس آمد پر الراجحی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بندر بن عبداللہ الراجحی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر کا شاندار استقبال کیا۔ملاقات کے دوران حج 2026ء کے مرکزی انتظامات، بشمول عازمین کی رہائش، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، کیٹرنگ سروسز اور مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔

کمپنی کے آپریشنل ہیڈز نے وفاقی وزیر کومانیٹرنگ سسٹم اور حج ہینڈلنگ پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔جدید ٹیکنالوجی اسٹوڈیوز، آپریشن روم اور مشائر کا فیلڈ دورے کے دوران وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کو الراجحی کمپنی کے مختلف تکنیکی شعبہ جات، حج آپریشنز مانیٹرنگ روم، ٹی وی سٹوڈیو اور جدید ترین لائبریری کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ بعد ازاں، کمپنی انتظامیہ کی معیت میں وفاقی وزیر نے مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کا فیلڈ دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی حجاجِ کرام کے لیے لگائے جانے والے جدید، ائیر کنڈیشنڈ خیموں، بجلی و پانی کی فراہمی اور دیگر لاجسٹکس کا زمینی جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے الراجحی کمپنی کے مجموعی انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے ضیوف الرحمن کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنے کے لیے گراؤنڈ پر بہترین اور مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی خصوصی درخواست پر عازمین کی رہائشی و سفری سہولیات کا خاص خیال رکھا گیا ہے، جس کی بدولت امسال کے انتظامات گزشتہ سال کی نسبت زیادہ جدید اور معیاری نظر آ رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے الراجحی گروپ اور پاکستان حج مشن کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اشتراکِ عمل کو مزید مربوط بنائیں تاکہ حج کے بنیادی دنوں میں عازمینِ حج کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور خدمت کے اس عمل کو سو فیصد مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید خبریں