وفاقی محتسب نے بیوہ خاتون کو 81 لاکھ روپے کا ڈیتھ کلیم ادا کرنے کا حکم دے دیا

وفاقی محتسب نے بیوہ خاتون کو 81 لاکھ روپے کا ڈیتھ کلیم ادا کرنے کا حکم دے دیا

ملتان۔ 22 مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب ملتان نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو ملتان کی رہائشی بیوہ خاتون کو 81 لاکھ روپے کا ڈیتھ کلیم فوری ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ و سینئر انوسٹی گیشن آفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کسی بھی وفاقی ادارے میں بدانتظامی یا شہریوں کے جائز معاملات میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ملتان کی رہائشی فرزانہ ریاض نے وفاقی محتسب دفتر میں شکایت درج کروائی کہ اس کے مرحوم شوہر نے زندگی میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سے بیمہ پالیسی حاصل کر رکھی تھی۔

شوہر کے انتقال کے بعد خاتون نے تمام ضروری دستاویزات اور ڈیتھ کلیم فارم متعلقہ ادارے میں جمع کروائے، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اسٹیٹ لائف کی جانب سے کلیم ادا نہیں کیا جا رہا تھا جس سے بیوہ خاتون شدید ذہنی اذیت اور مالی مشکلات کا شکار تھی۔شکایت موصول ہونے پر وفاقی محتسب ملتان نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو فوری طور پر 81 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

ڈاکٹر محمد زاہد نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کیلئے کام کر رہا ہے۔ وفاقی اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا غیر ضروری تاخیر کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے احکامات پر مکمل اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری اپنے مسائل اور شکایات سادہ درخواست کے ذریعے وفاقی محتسب کے دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں، جہاں تمام معاملات کو قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق بلا معاوضہ حل کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں