این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے 2 تا 6 جون کے دوران پہاڑی علاقو ں میں ممکنہ لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 2 تا 6 جون کے دوران پہاڑی علاقو ں میں ممکنہ لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 2 تا 6 جون کے دوران پہاڑی علاقو ں میں ممکنہ لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق 2 تا 5 جون کے دوران خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشیئرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے ۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستا ن، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر لواری ٹنل، چترال تا دیر، وادی سوات، شاہراہ قراقرم اورناران-کاغان روڈ کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں 2 تا 6 جون کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرارہے،لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شاہی، شاردا، آٹھ مقام اور اڑنگ کیل کی رابطہ سٹرکیں حساس قرار دی گئی ہیں۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، گلاف اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔عوام بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ ایپ استعمال کریں۔