وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑسے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور اقلیتوں کے حقوق، قانونی اصلاحات اور مسیحی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ اور اعظم نذیر تارڑ سے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد کی ملاقات، اقلیتوں کے حقوق، قانونی اصلاحات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑسے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور اقلیتوں کے حقوق، قانونی اصلاحات اور مسیحی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے حالیہ قانون سازی بالخصوص چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کا خیرمقدم کیا۔
وفد نے قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ذریعے اقلیتوں کے تحفظ اور مساوی مواقع کے فروغ کے حوالے سے حکومت کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ملاقات میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل اور متعلقہ قوانین و پالیسیوں کے ذریعے مسیحی برادری کی ضروریات کا موثر انداز میں احاطہ کرنے جیسے امور پر بھی گفتگو ہوئی، ملاقات میں پیش کی گئی سفارشات کا جائزہ لینے اور مسیحی پرسنل لاز سمیت دیگر امور کے حل کے لیے موثر طریقہ کار وضع کرنے کی غرض سے مزید مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ اقلیتی برادریوں کے نمائندوں سے مشاورت قانون سازی اور عوامی پالیسیوں میں تمام شہریوں کی آرا و ضروریات کے موثر انعکاس کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، مساوی شہریت اور ایک ایسے جامع معاشرے کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے جہاں ہر پاکستانی بلاامتیاز قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے جامع قانونی اور پالیسی اصلاحات کے فروغ کے لئے مشاورتی عمل کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئینِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔









