دنیا بھر میں جارحیت، تشدد اور تنازعات کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر حریت رہنما مشعال حسین ملک نے کہا ہے
بچوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی تشدد کے شکار بچوں میں عالمی شعور بیدار کرنا ہے ، مشعال حسین ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):دنیا بھر میں جارحیت، تشدد اور تنازعات کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر حریت رہنما مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی تشدد کا شکار بچوں کی تکالیف اور مشکلات کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران فلسطین میں 21 ہزار سے زائد بچے اسرائیلی حملوں اور تشدد کے نتیجے میں جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ایک ہزار سے زائد شیر خوار بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 44 ہزار سے زائد بچے زخمی ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے بچوں میں سے 21 ہزار مستقل معذوری کا شکار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی بربریت کا نشانہ بننے والے بچوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ ان کے مطابق ایک لاکھ سے زائد کشمیری بچے یتیم ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی اور متاثرہ بچے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں نے اسرائیلی اور بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جو مظلوم بچوں کے ساتھ ناانصافی اور ظالم قوتوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی درحقیقت ظلم کی معاونت کے برابر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بچوں پر ہونے والے مظالم انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ پیلٹ گنز کے استعمال سے نہ صرف بچوں کی بینائی متاثر ہوئی بلکہ ان کے خواب، امیدیں اور مستقبل بھی تاریکی کی نذر ہو گئے۔مشعال ملک نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر میں تنازعات کا شکار بچوں کے تحفظ، بحالی اور بنیادی حقوق کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور معصوم بچوں کے خلاف ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لیں۔








