ضلع نوشہرہ کے تھانہ نظام پور کے علاقہ گاؤں نمل پایان میں پیش آنے والے اندھے قتل کے کیس کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔
نوشہرہ ، اندھے قتل کیس کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):ضلع نوشہرہ کے تھانہ نظام پور کے علاقہ گاؤں نمل پایان میں پیش آنے والے اندھے قتل کے کیس کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔ تھانہ نظام پورپولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان نوشہرہ پولیس کے مطابق مدعی سید مین شاہ ولد ہنر شاہ ساکن پیران تنگہ نظام پور نے تھانہ نظام پور میں رپورٹ درج کروائی کہ اس کا بیٹا فیصل شاہ اپنے ماموں کے گھر گاؤں نمل گیا تھا۔ رات کو وہ کسی نامعلوم شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر نکلا اور صبح اس کی نعش گاڑو سے ملی۔جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او اکوڑہ خٹک سرکل عدنان اعظم کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ نظام پور نیاز محمد جدون اور تفتیشی آفیسر طاہر خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری، اصل حقائق منظر عام پر لانے اور آلہ قتل برآمد کرنے کا ٹاسک سونپا گیا۔تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، حالات و واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور جدید طریقہ تفتیش اپناتے ہوئے ملزمان کامران عرف کٹو اور احسان احمد ساکنان نمل پایان تک رسائی حاصل کی اور انہیں شاملِ تفتیش کیا۔دورانِ تفتیش ملزمان نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے فیصل شاہ کو تنازعہ مستورات کی بنا پر قتل کیا۔ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل کلاشنکوف اور واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کر کے پولیس نےقبضے میں لے لیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملوث خاتون ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔









