مانسہرہ، 3 مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 13 زخمی

مانسہرہ میں 3 مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے

مانسہرہ۔ 04 جون (اے پی پی):مانسہرہ میں 3 مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق کڑمنگ کے مقام پر کوسٹر اور مہران گاڑی کے درمیان تصادم کی اطلاع ملتے ہی بٹل سے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس و میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ حادثہ میں نثار نامی شخص جاں بحق جبکہ عدنان، خورشید اور سلمان نامی 3 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو موٹر وے پولیس کی ایمبولینس میں شنکیاری ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق شخص کو قانونی کارروائی کے لیے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں بٹل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسرا حادثہ پانو انٹرچینج کے مقام پر لوڈر ٹرک اور کار کے آپس میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

حادثے میں 39 سالہ محمد عمیر، 8 سالہ عبد الاحد، 34 سالہ احمد، 30 سالہ حکیم خان اور 36 سالہ ریمہ رضا زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے فوری ریسپانس کرتے ہوے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دیا۔ تیسرا ٹریفک حادثہ گھنول کے مقام پر ٹویوٹا ہائی ایس اور ویگنار گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جس کے نتیجے 45 سالہ رضوان الحق، 35 سالہ زوجہ رضوان الحق، 2 سالہ معاذ، 13 سالہ وردہ بی بی اور 3 سالہ حبہ نور زخمی ہو گئی۔ زخمی افراد کو بالاکوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کی وجہ سے تمام زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینس میں کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔